ادارہ ادبِ اسلامی اودگیر کےزیرِ اہتمام
سکندر علی فیاض کے اعزاز میں شعری نشست
لاتور(محمد مسلم کبیر) معروف شاعر سکندرعلی فیاض (سداسیو پیٹھ تلنگانہ) کی اودگیر آمد کے موقعے پر ان کے اعزاز میں ادارہ ادبِ اسلامی اودگیر کےزیرِ اہتمام 18 مارچ کو مغرب کے بعد پروفیسر مقبول احمد مقبول صدر ادارہ ادبِ اسلامی مہارشٹر کی صدارت میں شعری نشست منعقد ہوئی۔
ڈاکٹر شیخ محبوب ثاقب ایسوسی ایٹ پروفیسر شیواجی کالج اور قاضی محی الدین لکچرار الامین جونیر کالج نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ فارس عاصی کی تلاوت کلام پاک سے نشست کا آغاز ہوا۔مقبول احمد مقبول نے فیاض علی سکندر کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے ان کی شاعری کی خصوصیات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ وہ نہ صرف مشاعرے کے کامیاب شاعر ہیں بلکہ ان کا کلام اخبارات ورسائل میں بھی شائع ہوتا رہتا ہے۔نثر میں بھی انھوں نے مختلف شعرا پر کئی تاثراتی مضامین لکھے ہیں۔فارس عاصی،مبین عاقب،سید عقیل احمد ،عمران راغب،فیاض علی سکندر اور صدرِ نشست نے منتخب کلام سنا کر دادو تحسین حاصل کی۔ڈاکٹر شیخ محبوب ثاقب نے اپنے اظہارِ خیال میں کہا کہ ڈاکٹرمقبول احمدمقبول کی کوششوں سے اودگیر میں موقع بہ موقع شعروسخن کی محفلیں منعقد ہونے کےعلاوہ ان کی نگرانی میں اور بھی کئی ادبی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ ان کی ان سرگرمیوں سے اودگیر میں ادبی ماحول تیار ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں نوجوان قلم کار منظرِ عام پر آرہےہیں۔ان کی یہ محفلیں اہالیانِ اودگیر کےادبی ذوق کو پروان چڑھانے میں مددگار ثابت ہورہی ہیں۔قاضی محی الدین صاحب نے کہا کہ پچھلے دو برسوں سےکویڈ کی وبا کی وجہ سے اودگیر میں کوئی ادبی محفل منعقد نہیں ہو پائی۔آج اس شعری نشست کے ذریعے اہلِ علم وادب کے ذوق کی تکمیل کا سامان فراہم کیا گیاجس کے لیے ہم سب ان کے ممنون ہیں۔فیاض علی سکندر نے ادارہ ادبِ اسلامی اودگیر بطورِ خاص مقبول احمد مقبول کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ اتنے کم وقت میں ایسی بہترین نشست کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ موصوف اودگیر کے علمی وادبی حلقوں میں بہت مقبول اور ہردلعزیز ہیں تبھی توایک آواز پر شعرااور اہلِ ذوق جمع ہوئے اور محفل کو کامیاب بنایا۔عمران راغب نے نظامت کی اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
0 टिप्पण्या
Do not enter this spam link in comment comment box.