جمعیۃ علماء ضلع و شہر ناندیڑ کے انتخابا ت
مولانا عثمان فیصل قاسمی ضلع صدر، مولانا سید آصف ندوی شہر صدر منتخب
ناندیڑ۔ 3؍مارچ ( امام الدین شیخ اشاعتی) بروز منگل مورخہ 2؍مارچ 2021ء کو مدرسہ عربیہ تجویدالقرآن میں صبح دس بجے جمعیۃ علماء شہر و ضلع ناندیڑ کی انتخابی نشست حضرت مولاناحافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کی زیر صدارت اور مجلس عاملہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سے متعین کردہ آبزرور حضرت مولانا حبیب الرحمن صاحب قاسمی ( صدر جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ)، حضرت مولانا قاری شمس الحق صاحب ( نائب صدرجمعیۃ علماء مراٹھواڑہ )، جناب ایڈوکیٹ تہور خان پٹھان ( لیگل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔ نشست کا آغاز مولانا امجد صاحب کی پرسوز آواز میں تلاوت قرآن کے ذریعہ ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد مفتی بلال صاحب نے اپنی دلکش آواز میں دربار نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ تلاوت کلام پاک و نعت نبویﷺ کے بعد جناب ایڈوکیٹ تہور خان پٹھان ( لیگل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر) نے تمہیدی گفتگو کرتے ہوئے جمعیۃعلماء کے اسلاف و اکابرین کی قربانیوں کو پیش کیا اور نومنتخب عہدیداران کو عزائم و ہمت کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دی۔ ایڈوکیٹ صاحب کے بعد حضرت مولانا قاری شمس الحق صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ) نے انتہائی فکر انگیز گفتگو فرماتے ہوئے مسلمانوں کو موجودہ حالات میں جدوجہد کرنے اور سستی و غفلت سے بچنے کی تلقین کی۔
صدارتی خطاب میں حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی ( صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے انتخابی کارروائی شروع کراتے ہوئے انتخابات کے اصول و ضوابط اور طریقہ کار پر روشنی ڈالی، تمام ذمہ داران و اراکین کے اتفاق رائے سے آئندہ میعاد کے لیے شہر ناندیڑ کے صدر کی حیثیت سے حضرت مولانا سید آصف صاحب ندوی کا انتخاب عمل میں آیا۔ اسی طرح مفتی آعظم صاحب قاسمی، مولانا اظہر اشاعتی( امام و خطیب مسجد صالحین، پیربرہان، ناندیڑ)، جناب محمد عبیداللہ کا انتخاب بطور نائب صدور کیا گیا۔ جبکہ شہر ناندیڑ کے جنرل سیکریٹری کے عہدہ پر محمد شعیب ( ہپی کلب) کو منتخب کیا گیا اور ایڈوکیٹ شیخ محمود، جناب اویس احمد قریشی صاحب، جناب عبدالستار صاحب چوپالہ کو سیکریٹری نامزد کیا گیا۔ جناب محمد وسیم صاحب ( مسجد قدسیہ) کو خازن متعین کیا گیا۔
وقفہ ٔ طعام و نماز ظہر کے بعد ضلع ناندیڑ کے انتخابات مذکورہ حضرات کی موجودگی میں عمل میں آئے۔ جس میں باتفاق رائے حضرت مولانا عثمان فیصل قاسمی کو صدر جمعیۃ علماء ضلع ناندیڑ منتخب کیا گیا اور مولانا عبدالوحید صاحب و جناب سدی سلیم دیشمکھ کو نائب صدور متعین کیا گیا۔ جبکہ جنرل سیکریٹری ضلع ناندیڑ کے عہدہ پرجناب عبدالرحیم احمد خان کو فائز کیا گیا اور مولانا مجاہد صاحب ( عثمان نگر)، مفتی شفیع ( وائی بازار)، جناب عبدالمنان صاحب چودھری کو بطور سیکریٹریز منتخب کیا گیا اور محترم قاری محمد اسعد صاحب صمدی کو بطور سرپرست و خازن جمعیۃ علماء ضلع ناندیڑ منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر شہر و ضلع ناندیڑ کے اراکین منتظمہ و ایکٹیو ممبران کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔ ہر دو انتخابی نشستوں میں بطور آبزرور و مہمان خصوصی حضرت مولانا حبیب الرحمن قاسمی ( صدر جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ) ، حضرت مولانا قاری شمس الحق صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ)، جناب ایڈوکیٹ تہور خان پٹھان ( لیگل ایڈوائزر جمعیۃ علماء مہاراشٹر)، مولانا عبدالوہاب صاحب بیتی اور دیگر متعدد علماء و حفاظ کرام موجود تھے۔حضرت حافظ ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کی رقت آمیز دعا پر انتخابی نشست کا اختتام ہوا۔
0 टिप्पण्या
Do not enter this spam link in comment comment box.