رمضان میں مالی و بدنی عبادات میں خشوع وخضوع کا اہتمام کریں۔۔ مستحقین اور مدارس کا تعاون کرنے کی اپیل۔۔۔ مولانا ہارون اشاعتی

 

رمضان میں مالی و بدنی عبادات میں خشوع وخضوع کا اہتمام کریں۔۔

 مستحقین اور مدارس کا تعاون کرنے کی اپیل۔۔۔ مولانا ہارون اشاعتی





لاتور(محمد مسلم کبیر)مدرسہ تقویت الایمان اوسہ ضلع لاتور کے ناظم مولانا محمد ہارون اشاعتی نے ماہ رمضان المبارک کے فضائل و برکات بیان کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں خاص طور پر گناہوں سے پرہیز کرنا نہایت ضروری ہے، ہر موٴمن کو یہ طے کرلینا چاہیے کہ اس برکت ورحمت اورمغفرت کے مہینے میں آنکھ،کان اور زبان غلط استعمال نہیں ہوگی،جھوٹ،غیبت،چغل خوری اور فضول باتوں سے مکمل پرہیز کرے، یہ کیا روزہ ہوا کہ روزہ رکھ کر ٹیلی ویژن کھول کر بیٹھ گئے اور فحش وگندی فلموں سے وقت گزاری ہورہی ہے،کھانا، پینا اور جماع جو حلال تھیں ان سے تو اجتناب کرلیا لیکن مجلسوں میں بیٹھ کر کسی کی غیبت ہورہی ہے، چغل خوری ہورہی ہے،جھوٹے لطیفے بیان ہورہے ہیں، اس طرح روزے کی برکات جاتی رہتی ہیں۔
ماہِ مبارک ایسا مبارک مہینہ ہے کہ اس میں ہر فرض کا ثواب ستر فرضوں کے برابر ہے اور ہر نفل عبادت کاثواب فرض کے برابر ہے یہ صبر وغم خواری کرنے کا مہینہ ہے۔روزہ افطار کرانا گناہوں کی مغفرت اور دوزخ سے آزادی کا ذریعہ ہے۔اس ماہ کا ہر عشرہ خاص اہمیت کا حامل ہے۔چناں چہ پہلا عشرہ سراسر رحمت ہے۔ دوسرا عشرہ دِن ورات مغفرت کا عشرہ ہے اور آخری عشرہ دوزخ سے آزادی کے لیے ہے۔ اس لیے اس ماہ کی دل وجان سے قدر کریں اور مذکورہ تمام فضائل حاصل کرنے کی فکر کریں۔ ورنہ گیا وقت ہاتھ نہیں آتا جو کچھ حاصل کرنا ہے جلدی کر لیں ورنہ آخرت میں پچھتانے سے کچھ نہ ہو گا۔
مولانا ہارون اشاعتی نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے متأثرہ بے روزگاروں اور غرباء کی کفالت کے لیے امتِ مسلمہ کا آگے آنا نہایت مستحسن اقدام ہے‘ ایسے میں جہاں مستحقین‘ غرباء اور بیواؤں کی خدمت کی جارہی ہیں وہیں امتِ مسلمہ کے دین و ایمان کی بقاءو تحفظ کا ذریعہ بننے والے ملت کے لیے عظیم سرمایہ حفاظ و علماء تیار کرنے والے مدارس کی بقاء و تحفظ بھی ملتِ اسلامیہ کے اصحابِ ثروت کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔ انسانیت کی خدمت کے لئے خوب خرچ کیجئے پر اسلام کی اشاعت اور حفاظت کے قلعوں کو ہر گز نہ بھولئے۔ دین کی اشاعت اور حفاظت کے اداروں کو محفوظ رکھنے کے لئے اپنے مالی تعاون کا حصہ مدارس کے لئے بھی محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ دین کی اشاعت کے ادارے جو صرف مسلمانوں کے تعاون سے چلتے ہیں، جہاں مختلف مدرسوں میں ہر سال ہزاروں بلکہ ملک بھر میں لاکھوں بچے دینی و اخلاقی تعلیم حاصل کرتے ہیں ، کوئی سرکاری فنڈ ان اداروں کو حاصل نہیں ہوتا ، اور نہ ہی کسی غیر مسلم تنظیم کا انہیں تعاون ملتا ہے، یہ بات ہم سب کو اچھی طرح دھیان میں رکھنے کی ہے کہ صرف مسلمان اصحاب خیر کے تعاون سے ہی یہ ادارے قائم اور باقی ہیں ،ماہ رمضان میں حاصل ہونے والا تعاون ہی سال بھر مدارس کو چلانے کا بڑا ذریعہ بنتا ہے، اس لئے اپنے انفاق اور مالی تعاون میں ان مدارس کا حق بھی محفوظ رکھئے، وقتی حالات اور ہنگامی ضروریات میں بھی ان اداروں کا بھر پور خیال کیجئے ۔ کسی کا انفاق چاہے چھوٹا ہو چاہے بڑا ہو اللہ کے یہاں سب لکھا جا رہا ہے، وہ کریم آقا سب کو بہترین بدلہ دے گا۔  
Md.Muslim Kabir,
Latur Dist.Correspondent,
Urdu Media
9175978903/9890065959
alkabir786@gmail.com

टिप्पणी पोस्ट करा

0 टिप्पण्या